ڈھائی لاکھ کروڑ روپئے کی آمدنی کا نشانہ ، ریڈئینٹ الکٹرانکس میں نئے پلانٹ کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ الکٹرانک مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں آئندہ دس سال کے دوران 2.5 لاکھ کروڑ کی آمدنی اور 16 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ریاست تلنگانہ تمام شعبوں میں بہتر مظاہرہ کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں مستحکم حکمرانی پیش کی جارہی ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کے اسمبلی حلقہ مہیشورم کے رویرہالہ میں ای سٹی میں واقع ریڈئینٹ الکٹرانکس یونٹ ایک نئے پلانٹ کا وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ساتھ افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں ریڈئینٹ کمپنی نے 50 لاکھ ٹی وی تیار کی ہے جس پر فخر ہے ۔ انہوں نے اس کو ملک کی سب سے بڑی ایل ای ڈی ٹی وی کمپنی قرار دیا ۔ ریڈئینٹ کمپنی میں 3,800 سے زائد افراد خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ یونٹ کے افتتاح کے موقع پر سالانہ 4 لاکھ ٹی وی تیار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ لیکن ماہانہ 4 لاکھ ٹی وی تیار کی سطح تک پہونچ جانے پر خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ یہ سارے تلنگانہ کے لیے فخر کی بات ہے ۔ ملازمتوں میں 53 فیصد خواتین اور ان تلنگانہ والوں کی حصہ داری 60 فیصد ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریڈئینٹ کمپنی عالمی شہرت یافتہ مصنوعات جیسے سام سنگ ، ون پلس ، پیناسونک ، اسکائی ورتھ ، نوکیا اور موٹرلا تیار کرتی ہے ۔ کمپنی کے انتظامیہ نے بتایا کہ ان کی آمدنی میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ تلنگانہ کے خوشگوار ماحول کی وجہ سے تجارت تیزی سے ترقی پارہی ہے ۔ گذشتہ چند برسوں سے برقی کٹوتی ختم ہوگئی ہے ۔ برقی کٹوتی ہو تو صنعتیں موثر طریقہ سے کام کرنے سے محروم رہتی ہیں ۔ صنعتوں کے علاوہ تمام شعبوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ الکٹرانک مینوفیکچرنگ شعبہ میں دسویں جماعت ، انٹر میڈیٹ اور آئی ٹی آئی کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں ۔ اس جانب تلنگانہ کی حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ فیاب سٹی میں راست و بالواسطہ 15 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے ۔ آئندہ سال دو سال میں ملازمتیں حاصل کرنے والوں کی تعداد 40 ہزار تک پہونچ جائیں گی ۔ حال ہی میں دنیا کا دوسرا بڑا گوگل کیمپس کا حیدرآباد میں سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔۔ ن