اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان سے ایک دن قبل، سماج وادی پارٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلٰی کے دفتر کو کٹہرے میں کھڑاکیاہے۔ایس پی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے ایک اہلکار کا مبینہ ویڈیو اپ لوڈکیاجس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ منگل کو ای وی ایم لے جانے میں مطلوبہ پروٹوکول کی پیروی نہیں کی گئی۔ تاہم وہ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے کسی بھی امکان کو صاف طور پر مسترد کرتے ہوئے بھی دیکھا جاتا ہے۔ایس پی نے اسی ٹویٹ میں مزید کہاہے کہ کئی اضلاع میں ای وی ایم میں دھاندلی کی اطلاع مل رہی ہے۔ یہ کس کے کہنے پر ہو رہا ہے؟ کیا وزیر اعلیٰ کے دفتر سے اہلکاروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے؟ الیکشن کمیشن برائے مہربانی وضاحت کرے۔ ایس پی صدر اکھلیش یادو نے منگل کو وارانسی میں ای وی ایم لے جانے والے ایک ٹرک کوپکڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکمراں بی جے پی ووٹ چرانے کی کوشش کر رہی ہے۔بعد میں ایک سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے کہاہے کہ وارنسی میں ای وی ایم کے پکڑے جانے کی خبر اتر پردیش کی ہر اسمبلی کو ہوشیار رہنے کا پیغام دے رہی ہے۔