الیکشن کمیشن سے 73 لاکھ ووٹرس کی تفصیلات کیلئے گھر گھر مہم کا مطالبہ

   

کانگریس کی چیف الیکٹورل آفیسر سے نمائندگی، 73 لاکھ افراد کی تفصیلات فراہم کرنے پر زور
حیدرآباد یکم ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کی الیکشن رابطہ کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کو یادداشت پیش کرکے تلنگانہ میں عہدیداروں کی جانب سے گھر گھر پہونچ کر 73 لاکھ سے زائد ووٹرس کی تفصیلات حاصل کرنے کا مطالبہ کیا جن کے نام ASDD فہرست میں شامل کئے گئے۔ کمیٹی کے صدرنشین پی راجیش کمار اور رکن واجد حسین نے سدرشن ریڈی کو یادداشت ؎پیش کی اور کہاکہ غیر حاضر، منتقل، فوت اور ایک سے زائد مقامات پر نام والے افراد کی تفصیلات مسلمہ پارٹیوں کو فراہم کی جائیں۔ یادداشت میں کہا گیا کہ SIR کے دوسرے مرحلہ میں عوام کو اعتراضات اور دعوؤں کی پیشکشی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مسودہ فہرست کی اجرائی کے بعد تلنگانہ میں 73 لاکھ سے زائد افراد کو ASDD فہرست میں شامل کیا گیا جو مجموعی ووٹرس کا 21.7 فیصد ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ 45.19 لاکھ افراد کو مستقل منتقل زمرہ میں شامل کیا گیا ہے۔ SIR مہم کی شفافیت کو برقرار رکھنے بوتھ لیول آفیسرس کو چاہئے کہ وہ گھر گھر پہونچ کر تفصیلات حاصل کریں۔ کانگریس قائدین نے کہاکہ مسلمہ سیاسی پارٹیوں کو 73 لاکھ رائے دہندوں کے اڈریس اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے بغیر بوتھ لیول ایجنٹس ووٹرس سے تعاون سے قاصر ہیں۔ وفد نے کہاکہ حیدرآباد ، ملکاجگری و رنگاریڈی جیسے اضلاع میں روزگار، تعلیم کیلئے دیگر مقامات سے بڑی تعداد میں عوام منتقل ہوتے ہیں۔ بوتھ لیول آفیسرس کے محض ایک بار آنے پر ووٹر کو مستقل منتقل قرار دینا درست نہیں ہے۔ کانگریس نے ووٹرس کی سہولت اور 73 لاکھ سے زائد مشتبہ رائے دہندوں کے دستاویزات کی جانچ کیلئے گھر گھر پہونچ کر جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ V/1