ووٹنگ مشینوں کی جانچ اور نئے وی وی پیاٹ مشینوں کے حصول کے اقدامات
حیدرآباد۔20اپریل(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے عام انتخابات 2024کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں ووٹنگ مشینوں کی جانچ اور وی وی پاٹ مشینوں کی جانچ کا عمل مکمل کئے جانے کے بعد 8لاکھ 90 ہزار نئی VVPAT مشینوں کی تیاری کے آرڈر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے M2 ماڈل کے 2لاکھ 71ہزار مشینوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا انتخابات سے عین قبل مشینوں کی جانچ کے ساتھ VVPAT کی جانچ کو یقینی بناتے ہوئے اس بات کی طمانیت حاصل کی جاتی ہے کہ تمام مشین بہتر انداز میں کام کررہی ہیں یا نہیں !بتایا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ انتخابات کے دوران استعمال کی جانے والی تمام M2 مشینوں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ VVPAT کی نئی M3 سیریز و ٹیکنالوجی مشینوں کے حصول کے اقداما ت کئے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ سابق میں جو M2M3مشینیں حاصل کی گئی تھیں ان میں 3لاکھ 43ہزار مشینوں کی کارکردگی کو بہتربنانے ان کی دیکھ بھال اور درستگی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔عام انتخابات 2024کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی تیاریوں کے آغاز کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے شفاف انتخابات کو یقینی بنانے مختلف تجاویز روانہ کی جانے لگی ہیں۔