ام المومنین حضرت بی بی خدیجہؓ کو خاتون میڈیکوز اور ڈاکٹرس اپنا رول ماڈل بنائیں

, ,

   

اسٹارٹ اپس شروع کرنے دختران ملت کو مشورہ ، سیکیاب کے لقمان یونانی میڈیکل کالج میں فاونڈرس ڈے تقریب ، جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری ( سیاست نیوز ) : جنوبی ہند بالخصوص حیدرآباد دکن کے مسلمانوں کی تعلیمی سماجی اور معاشی ترقی میں روزنامہ سیاست کا اہم کردار ہے ۔ سقوط حیدرآباد کے بعد بانی سیاست جناب عابد علی خاں مرحوم اور جناب محبوب حسین جگر نے وہی کردار ادا کیا جس طرح کا کردار امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد نے 1947 میں اس وقت کیا تھا جب مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد مایوسی کے عالم میں پاکستان کے لیے رخت سفر باندھ رہی تھی ۔ روزنامہ سیاست نے حاکم سے محکوم بنے مسلمانوں کو نہ صرف ہمت دلائی بلکہ یہ بھی بتایا کہ یہ ملک تمہارا ہے اور اس کے ذرہ ذرہ پر تمہارا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا دوسرے ابنائے وطن کا ہے ۔ اسے سجانا ، سنوارنا تمہارا فرض ہے ۔ تمہارے اسلاف نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ تم نے اس ملک کے دامن میں آنکھیں کھولی ۔ اسی سرزمین پر تمہیں سپرد خاک ہونا ہے ۔ یہیں جینا ہے یہیں مرنا ہے ۔ روزنامہ سیاست نے مسلمانوں کی معاشی ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی اور جب خلیجی ممالک میں روزگار کے دروازے کھلے تب نہ صرف متحدہ آندھرا پردیش بلکہ تاملناڈو ، کرناٹک ، مہاراشٹرا جیسی ریاستوں کے مسلمانوں کو بھی خلیجی ممالک جاکر روزگار حاصل کرنے کی کامیاب ترغیب دی ۔ ان خیالات کا اظہار سیکیاب SECAB ( سوشیو اکنامک اینڈ کلچرل اسوی ایشن بیجاپور ) کے فاونڈرس ڈے کے موقع پر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کو باوقار سیکیاب نیشنل ایوارڈ برائے سال 2023 پیش کرتے ہوئے کیا گیا ۔ واضح رہے کہ SECAB کا قیام بیجاپور کے ایک سیول انجینئر اور ملت کی ہمدرد شخصیت جناب شمس الدین پونیکر نے 1969 میں عمل میں لایا تھا اور 2019 میں اس اسوسی ایشن نے اپنا گولڈن جوبلی سال بھی منایا ۔ SECAB کے تحت 25 تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں جن میں پرائمری اسکولس ، ہائی اسکولس ( انگریزی ، کنڑی اور اردو میڈیم ) جونیر کالجس ، ڈگری کالج فار ویمن بی بی اے ، بی سی اے ، پیرا میڈیکل کورس ، لقمان یونانی میڈیکل کالج ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر (جہاں گریجویشن اور پی جی کورس بی یو ایم ایس اور ایم ڈی چلائے جاتے ہیں ) کے ساتھ انجینئرنگ کالج بھی چلایا جاتا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں سے قبل خود SECAB کے بانی ایس اے پونیکر ، پی اے انعامدار ، مولانا غلام محمد اسمعیل رندیرا وسطانوی اور بی ایل ڈی ای یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر بسواراج مولی مانی جیسی شخصیتوں کو یہ باوقار ایوارڈ دیا جاچکا ہے ۔ نورس پور SIET کیمپس میں منعقدہ فاونڈرس ڈے تقریب میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی اہلیہ محترمہ شمس فاطمہ اور فرزند دلبند جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر بھی موجود تھے ۔ اس طرح تاریخی شہر بیجاپور کی یادگار تقریب میں جناب زاہد علی خاں ، محترمہ شمس فاطمہ اور جناب عامر علی خاں تینوں کو تہنیت پیش کی گئی ۔ جناب زاہد علی خاں کو تاج پہنایا گیا ۔ شال پوشی اور گلپوشی کی گئی ۔ توصیف نامہ پیش کیا گیا اور مقررین نے ان کی صحافتی ، سماجی ، مذہبی ، تہذیبی اور ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے انجام دی گئی خدمات کے لیے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر اے ایس پاٹل ، صلاح الدین ایوبی ، انور پونیکر ، ڈاکٹر عاقل قادری ، نجیب بخشی ، حیدر پاشاہ ، جاگیر دار شہناز بانو اور زہرا تبسم قاضی ، ڈاکٹر نزہت پٹیل بھی موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خاں نے اپنے خصوصی خطاب میں SECAB کے بانی انجینئر ایس پونیکر کی تعلیمی و ملی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بیجاپور میں ایس پونیکر کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور اور پھلدار درخت میں تبدیل ہوگیا ہے جس کی مختلف شاخوں یعنی تعلیمی اداروں میں ہزاروں طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے جناب ایس پونیکر کی ستائش کرتے ہوئے مزید کہا کہ سال 2003 میں ان کی ملاقات ایک ایسی شخصیت سے ہوئی جو ملت کی تعلیمی ترقی کے لیے بے چین تھی اور جس نے اس شعبہ میں اپنی ساری توانیاں صرف کردیں ۔ تن من دھن سے ملت کی ترقی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے لقمان یونانی میڈیکل کالج قائم کیا اور حیدرآباد سے میں نے بے شمار طلباء وطالبات کو اس کالج میں داخلے لینے کے لیے روانہ کئے ۔ آج وہ طلبہ خوشحال اور کامیاب زندگی گذار رہے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ وہ جناب پونیکر کی ملی و قومی خدمات کے لیے انہیں سلام کرتے ہیں اور بارگاہ رب العزت میں ان کی درازی عمر کی دعا کرتے ہیں تاکہ ہماری نئی نسل بھی ان کی قیادت سے استفادہ کرے ۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں نے انہیں پیش کی گئی ایک لاکھ روپئے کی انعامی رقم یہ کہتے ہوئے SECAB کے لقمان یونانی کالج کو بطور عطیہ پیش کردی کہ وہاں شیڈ تعمیر کیا جائے تاکہ طالبات کو راحت ہو ۔ جناب زاہد علی خاں نے طب یونانی ( بی یو ایم ایس ) کو ایم بی بی ایس کے مساوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو بی یو ایم ایس کرنا چاہئے ۔ قبل ازیں لقمان یونانی میڈیکل کالج و ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر میں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے خطاب کرتے ہوئے طب یونانی کی اہمیت و افادیت واضح کی اور میڈیکوز سے کہا کہ یہ مسابقتی دور ہے اختراعات کا دور ہے ایسے میں خود کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بہت ضروری ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسٹارٹ اپ شروع کریں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور ہنر کو استعمال کریں تاکہ آپ کے اقدامات سے نئی نسل بھی استفادہ کرے ۔ انہوں نے لقمان یونانی میڈیکل کالج و ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر کے طلباء وطالبات ( میڈیکوز ) کو مشورہ دیا کہ اسٹارٹ اپ کو ترجیح دیتے ہوئے 10 تا 20 کا ایک گروپ بناکر ایک انجمن ( اسوسی ایشن ) قائم کریں اور عصری انداز میں اپنی ادویات و روایات کو عظیم ناموں سے موسوم کر کے اسٹارٹ اپ کے ذریعہ اور جدید و عصری تحقیق کے طریقوں کو اپناتے ہوئے مارکٹ میں پیش کریں جس سے قومی و عالمی سطح پر یونانی ادویات ، طرز طب اور طریقہ علاج کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوگا ۔ جناب عامر علی خاں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ام المومنین حضرت بی بی خدیجہؓ کو اپنا رول ماڈل بنائیں جنہوں نے 1450 سال قبل امپورٹ و ایکسپورٹ اور تجارت کے ذریعہ معاشی میدان میں انقلاب پیدا کردیا تھا ۔ اگر میڈیکوز ( طالبات ) حضرت بی بی خدیجہؓ کو اپنا رول ماڈل بنائیں گی تو دنیا میں تجارتی ترقی سے آپ کو کوئی بھی روک نہیں سکتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ علم و ہنر ہی آپ کا واحد ہتھیار ہے جو آپ کو اور ملت کو کامیابی و کامرانی کی جانب گامزن کرسکتا ہے ۔ انہوں نے SECAB کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ شمس الدین پونیکر صاحب کی قیادت میں ان کے تعلیمی اداروں کو سیکیاب یونیورسٹی کا درجہ دلایا جانا چاہئے ۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر مخدوم محی الدین بھی موجود تھے ۔۔