امراض گردہ کے تدارک کیلئے شعور بیداری ضروری

   

خصوصی سیشن سے ماہر امراض گردہ ڈاکٹر محمد شعیب احمد خان کا خطاب
حیدرآباد /25 فروری ( راست ) گردے انسانی جسم کے اہم ترین اعضاء میں شامل ہیں اور ان کی حفاظت بے حد لازمی ہے ۔ گردوں کی ذمہ داری خون کو صاف کرنا ہے ایک دن میں یہ 180 لیٹر خون کو صاف کرتے ہیں۔ گردے بلڈ پریشر بھی کنٹرول کرتے ہیں اور خون صاف بھی کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد شعیب احمد خان نیفرالوجسٹ نے صحافیوں کیلئے رکھے گئے خصوصی سیشن گردوں کے امراض ، تدارک اور میڈیا کا رول ، سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن حیدرآباد یونٹ کے اشتراک سے اور ساپ کڈنی سنٹر سالارجنگ کالونی ٹولی چوکی کے زیر اہتمام یہ سیشن منعقد کیا گیا تھا ۔ جناب ایم اے ماجد ریاستی صدر ٹی یو ڈبلیو جے ایف اور پروفیسر محمد فریاد ڈین و صدر شعبہ صحافت و ترسیل عامہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ابتداء میں جناب نیاز احمد خان چیرمین ساپ میڈیکلس نے خیرمقدمی کلمات ادا کئے اور سیشن کو منعقد کرنے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر محمد شعیب احمد خان نے اپنے خطاب کے دوران مزید بتایا کہ ہمارے ملک میں 17 فیصد سے زیادہ لوگ اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ ہر سال دو لاکھ سے زائد افراد کو ڈائلاسیس کی ضرورت پڑتی ہے جو ایک تشویشناک رحجان ہے ۔ انہوں نے پریزنٹیشن کے ذریعہ گردے کے افعال اور کارکردگی ، امراض و حفظ ماتقدم پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ شوگر اور بی پی ان امراض کی بنیادی وجوہات ہیں ۔ گردے کے مرض کی علامات ظآہر نہیں ہوتیں ۔ یہی وجہ ہے کہ سال میں ایک مرتبہ تشخیص کرواتے رہیں۔ 44 فیصد شوگر کی وجہ سے گردے ناکارہ ہو جاتے ہیں ۔ 29 فیصد بی پی اور 19 فیصد پین کلر دوائیں کھانے سے خراب ہوتے ہںے ۔ ہر گھر میں شوگر ، بی پی اور پلس ریٹ کی مشین ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انرجی ڈرنک پینے سے اجتناب کریں کیونکہ گردوں کیلئے یہ بہت نقصاندہ ہے ۔ ڈاکٹر شعیب احمد خان نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ گردوں کی بیماریوں ، تدارک کے سلسلے عوام میں شعور بیداری کریں۔ جناب ایم اے ماجد ریاستی صدر ٹی یو ڈبلیو جے ایف نے حیدرآباد یونٹ کے ذمہ داروں کو معلوماتی سیشن کا اہتمام پر مبارکباد پیش کی ۔ پروفیسر محمد فریاد اس طرح کے معلوماتی لکچرز کے انعقاد کو اپنی یونیورسٹی میں یقینی بنانے کا اعلان کیا ۔ کنوینر ڈاکٹر محمد آصف علی ، صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ حیدرآباد یونٹ نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔ انہوں نے صحافی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اداروں کے ذریعہ ہیلت جرنلزم کو فروغ دیں ۔ اس موقع پر مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی جبکہ جناب سید غوث محی الدین ، حبیب جیلانی کے علاوہ شیخ رفیع الدین اور انگریزی ، تلگو اور اردو کے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ڈاکٹر محمد عاقب احمد خان ایم ڈی ساپ میڈیکلس نے شکریہ ادا کیا ۔