امریکہ: سسٹم میں خرابی سے متاثرہ پروازوں کی بحالی شروع

   

نیویارک : امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) کے کمپیوٹر نظام میں بڑی خرابی کے باعث متاثرہ پروازیں بحال ہونا شروع ہوگئیں تاہم کئی ایئرپورٹس پر تاحال پروازیں معطل ہیں۔کمپیوٹر نظام میں خرابی کے بعد معطل پروازیں آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہیں جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق کئی ایئرپورٹس پر تاحال تعطل جاری ہے۔ایف اے اے نے نظام میں بڑی خرابی کے باعث ملک بھر میں ایئرٹریفک میں خلل کے بعد تمام اندرونی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے تھے۔بیان میں کہا گیا تھا کہ نظام میں خرابی کی اطلاع پر ایئرلائنز اور ایئرپورٹس میں مسائل پیدا ہوئے جبکہ وائٹ ہاؤس نے بیان میں کہا کہ تاحال سائبر حملے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملے۔ایف اے اے نے بتایا کہ پروازیں صبح 9 بجے سے معطل کردی گئی تھیں لیکن ایئرٹریفک میں دباؤ کی وجہ سے نیویارک اور اٹلانٹا سے پروازوں کی روانگی شروع کردی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نوٹس ٹو ایئرمشن سسٹم (نوٹام) میں خرابی سے ایک بنیادی عمل بیٹھ گیا تھا جو پرواز کے عملے کو رکاوٹوں، ایئرپورٹ سہولیات میں تبدیلی اور دیگر اہم معلومات کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔