نیویارک : امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی حادثاتی‘ فائرنگ نہیں تھی اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ہتھیار بچے کے ہاتھ کیسے لگا۔ لڑکے کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ امریکہ میں نیوپورٹ نیوز شہر کی پولیس اور اسکول حکام کے مطابق ورجینیا ریاست کے ایک اسکول میں جمعہ کے روز ایک چھ سالہ بچے نے ایک ٹیچر کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ رچنیک ایلیمنٹری اسکول کے درجہ اول کے ایک کلاس روم میں پیش آیا تاہم اس میں کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا۔ پولیس چیف اسٹیو ڈریو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس فائرنگ میں ایک 30 سالہ خاتون ٹیچر بری طرح زخمی ہو گئیں۔ انہیں اتنے شدید زخم آئے ہیں جس سے جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تاہم ہسپتال میں اب ان کی حالت میں کچھ بہتری نظر آ رہی ہے۔ ڈریو کا کہنا تھا، ہمارے سامنے ایسی کوئی صورت حال نہیں تھی جس سے یہ کہا جا سکے کہ کوئی شخص اسکول میں فائرنگ کرنے جا رہا ہو۔ انہوں نے مزید کہا، یہ کوئی حادثاتی فائرنگ نہیں تھی۔