امریکہ نے پاکستانی سفارتخانہ پر حملہ کی مذمت کی

   

واشنگٹن : امریکہ نے افغان دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارتخانے پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ادھر پاکستان نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کی مکمل تحقیقات کریں۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسلام آباد حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ پاکستان مخالف جنگجو عناصر افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا الزام ہے، جسے کابل میں موجود افغان طالبان کی حکومت رد کرتی ہے۔ اس حملے سے ایک دن قبل ہی اسلام آباد نے کابل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے جنگجو افغانستان میں موجود ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرنس نے اس حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفارتی عملے پر ہوئے اس طرح کے حملہ پر تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی شفاف تحقیقات کرانا چاہئے۔