کابل : امریکی سفارتخانے نے افغان حکومت سے خواتین کے خلاف ناانصافی پر مبنی پالیسیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی سفارتحانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ طالبان کی جانب سے خواتین پر مظالم پر امریکی تشویش افغان حکام کیلئے ایک انتباہ ہے کہ ان کا انصاف سے انکار نہ صرف افغانستان کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ یہ عالمی انسانی حقوق کی کوششوں کے لیے بھی ایک خطرہ ہے۔سفارتحانے نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ خواتین کی تعلیم اور روزگار کے حقوق سے مسلسل انکار کے عالمی سطح پر دور رس اثرات ہیں، لڑکیوں اور خواتین کے لیے صحت کے اداروں کی بندش صنفی مساوات کے عالمی عزم کو براہ راست چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔سفارتی حکام نے مزید کہا کہ افغان عبوری حکومت کو ایسی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی ہوگی قبل اس کے کہ بہت دیر ہو جائے، افغانستان کے مستقبل اور اس کی بین الاقوامی حیثیت کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔