نیویارک : امریکی ریاست فلوریڈا کے پارک لینڈ اسکول میں سن 2018 میں گولیاں چلا کر 17 افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور نکولس کروز کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔جمعرات کو اس کیس پر جیوری کے فیصلے نے کروز کو سزائے موت سے تو بچا لیا لیکن یہ فیصلہ شوٹنگ واقعہ کے متاثرین کے بہت سے خاندانوں کے لیے غصے، حیرانگی اور آنکھیں نم کرنے کا باعث بنا۔شوٹنگ کے شکار پیٹر وانگ کے کزن چن وانگ نے جیوری کے فیصلے کے اعلان کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں کہاکہ ’’یہ دیوانگی ہے. سب جانتے ہیں نا؟ یہ پاگل پن ہے۔ ہمیں انصاف چاہیے‘‘۔
اس مقدمے کی سماعت تین ماہ تک جاری رہی جبکہ جیوری کا یہ فیصلہ دو دن میں سات گھنٹے کے غور و خوض کے بعد سنایا گیا۔ سماعت میں قتل عام اور اس کے بعد کی تصویری ویڈیوز اور تصاویر اور متاثرین کے لواحقین کی دل دہلا دینے والی گواہی شامل تھیں۔ایک شہری لوری الہدیف نے، جس کی بیٹی، ایلیسا اس حملے میں ماری گئی تھی، نیوز کانفرنس میں کہا: “ہم آج کے نتائج سے بہت زیادہ مایوس ہیں۔”