آئندہ دو برسوں تک نگہداشت کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 17۔ جولائی (سیاست نیوز) امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے انسانی ہمدردی کا غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے کریم نگر کی ایک پانچ سالہ لڑکی کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سنٹرل اڈاپشن ریسورس اتھاریٹی کے ذریعہ ایک معذور لڑکی کو اڈاپٹ کرنے سے متعلق امریکی جوڑے کے فیصلہ کی مختلف گوشوں نے ستائش کی ہے ۔ امریکہ کے جارجیا سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے نے جس لڑکی کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وہ تقریباً دیڑھ سال سے محکمہ بہبودیٔ خواتین و اطفال کی راست نگرانی میں ہے۔ لڑکی کے حقیقی والدین نے اسے چھوڑ دیا تھا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کی گفتگو کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور اڈاپشن کے بعد بھی فزیوتھراپی اور نگرانی کی ضرورت پڑے گی۔ کلکٹر کریم نگر پی ستپتی نے لڑکی کا امکانی سرپرستوں سے تعارف کرایا ۔ کلکٹر نے امریکی جوڑے کو لڑکی کے پس منظر اور اس کی نگہداشت کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ امریکی جوڑے کو ایک لڑکا ہے اور انہوں نے لڑکی کو بطور دختر اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ لڑکی کو امریکی جوڑے سے متعارف کرانے کے لئے ویڈیو کالنگ کا اہتمام کیا گیا۔ عہدیداروں کے مطابق اڈاپشن کے دو برسوں تک لڑکی کی نگہداشت کی ضرورت رہے گی۔ کریم نگر سے یہ پہلا موقع ہے جب بین الاقوامی سطح پر کسی بچہ کو تیار کیا گیا۔1