واشنگٹن۔ 14 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پوپ لیو سے معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور پوپ کے بیانات سے اختلاف رکھتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پوپ لیو سے معافی نہیں مانگیں گے کیونکہ ان کے بقول پوپ نے غلط باتیں کی ہیں اور ایران کے حوالے سے ان کے اقدامات کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پوپ قابل قبول نہیں جو یہ سمجھے کہ ایران کے لیے نیوکلیر ہتھیار رکھنا درست ہے جبکہ امریکہ کسی صورت نیوکلیر ہتھیار بنانے کی ایران کی اجازت نہیں دے سکتا۔ پوپ لیو جرائم اور دیگر معاملات پر کمزور مؤقف رکھتے ہیں اور وہ صرف ان کے بیانات کا جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوپ لیو اس معاملے کے حتمی نتائج سے خوش نہیں ہوں گے۔ امریکی صدر نے پوپ کے بھائی لیوس کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں اور انہیں پوپ سے بہتر سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ میں قانون اور نظم و ضبط قائم ہے اور جرائم کی شرح کم ترین سطح پر ہے ، جبکہ مجرم عناصر کو ملک سے نکال دیا گیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ میں قتل کی شرح گزشتہ 125 سال کی کم ترین سطح پر ہے اور ان کی حکومت قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے ۔