واشنگٹن : امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں القاعدہ سے منسلک گروہ حراس الدین کا ایک سینئر قائد امریکی ڈرون حملہ میں مارا گیا۔ شمال مغربی شام کے جس علاقے میں امریکہ نے کارروائی کی ، وہ شام کے عبوری صدر احمد الشرع کے عسکری دھڑے ہیئت تحریر الشام کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ سینٹ کوم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ امریکی فورسز نے شمال مغربی شام میں ایک ہدف کو ٹھیک نشانہ بنایا جس میں حراس الدین کے سینئر قائد محمد صلاح زبیر کو ہلاک کردیا گیا۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق صلاح زبیر کی گاڑی اس وقت امریکی ڈرون کا نشانہ بنی جب وہ سرمداادلب شاہراہ پر سفر کر رہے تھے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل ہی حراس الدین نے عبوری صدر احمد الشرع کے حکم پر تنظیم تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
چاڈ سے فرانس کا
آخری فوجی اڈہ بھی خالی
انجامینا : فرانس نے افریقی ملک چاڈ میں اپنا آخری فوجی اڈہ بھی مقامی حکام کے حوالے کرکے مکمل انخلا کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چاڈ خطہ میں انسداد دہشت گردی کی ایک اہم قوت رہا ہے اور وہ ان آخری ممالک میں سے ایک تھا جہاں فرانس نے بڑی فوجی موجودگی برقرار رکھی تھی۔ اس سے قبل فرانسیسی فوج نائیجر، برکینا فاسو اور مالی سے بھی انخلا کرچکی ہے۔