امریکی قیدیوں کی رہائی کیلئے ایران کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات جاری

   

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ جو بائیڈن کی انتظامیہ “ایران میں زیر حراست امریکیوں کو رہا کرنے” کے لیے تہران کے ساتھ “بالواسطہ مذاکرات” کر رہی ہے۔انہوں نے اس بات کا اظہار اتوار کو وائس آف امریکہ کے فارسی زبان کے چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔جیک سلیوان نے بتایا کہ “ہم بالواسطہ طور پر ایران کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں، مگر نیوکلیئر معاملے پر کوئی براہ راست بات چیت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ بالواسطہ بات چیت ہم نے قیدیوں کے بارے میں کی ہے، کیونکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ امریکی شہریوں کو گھر واپس لانے کی کوشش کریں۔”اس انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ”ہم کسی بھی حکومت سے جس طرح بھی ممکن ہو سکے بات کرتے ہیں، جیسا کہ ہم روسی حکومت سے بلاجواز حراست میں لیے گئے امریکیوں کے بارے میں کررہے ہیں۔”انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کو “اپنے شہریوں کو گھر واپس لانے کے لیے حل تلاش کرنے کی کوشش” قرار دیا۔تاہم ، انہوں نے کہا کہ اس وقت میرے پاس کوئی نئی معلومات نہیں ہیں کہ ہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچے ہوں۔