’اقتصادی تنہائی‘ آپریشن کے تحت اعلان، امریکی وزیرخزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ایران کی مدد کرنا پسند نہیںآیا
واشنگٹن ۔ 15 ستمبر (ایجنسیز) امریکی محکمہ خزانہ نے آج “اقتصادی تنہائی” آپریشن کے تحت اعلان کیا ہیکہ محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (OFAC) نے روس کے ایک بڑے مالیاتی ادارے “VTB بینک” کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔یہ اقدام ایران کو امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد دینے میں بینک کے ملوث ہونے کے باعث کیا گیا ہے، جس میں پابندیوں کی زد میں آنے والے ایرانی بینکوں کے ساتھ کوریسپانڈنٹ بینکاری تعلقات قائم کرنا بھی شامل ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا: اقتصادی تنہائی آپریشن کے تحت محکمہ خزانہ ایسے عناصر کو نشانہ بناتا اور ان کی سرگرمیوں میں خلل ڈالتا رہے گا ،جو ایرانی نظام کو اپنی دہشت گردانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مادی، تکنیکی یا مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔محکمہ خزانہ ایرانی نظام کی کسی بھی معاونت کو برداشت نہیں کرے گا اور ان عناصر کی نشاندہی، انہیں بے نقاب اور الگ تھلگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، جو اسے فعال بناتے ہیں۔ OFAC کی جانب سے VTB بینک کے خلاف یہ کارروائی ایگزیکٹو آرڈر 13902 کے تحت کی گئی ہے، جس کے ذریعہ ایرانی معیشت کے بعض شعبوں، بشمول مالیاتی شعبے، کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس اقدام کے بعد VTB دنیا کے ان مالیاتی اداروں میں شامل ہوگیا ہے ،جو وسیع ترین امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں۔’’اقتصادی تنہائی‘‘ آپریشن کے نتیجہ میں ثانوی پابندیوں کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے اور ان اداروں کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے، جو ایرانی نظام کے ساتھ بدستور لین دین جاری رکھے ہوئے ہیں۔غیر ملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا گیا ہیکہ وہ VTB کو ایران سے متعلق امریکی پابندیوں کے تحت پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کے بعد بھی اس کے ساتھ تعلقات برقرار رکھتے ہیں ،تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے انہیں یہ تعلقات فوری طور پر ختم کر دینے چاہئیں۔امریکی محکمہ خزانہ اس ہفتے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی اجلاس کر رہا ہے تاکہ انہیں ایرانی نظام، ایرانی پاسداران انقلاب، دہشت گرد قرار دیے گئے ایرانی پراکسی گروہوں اور ان کی معاونت کرنے والے عناصر سے وابستہ آمدنی کے ذرائع اور خریداری کے نیٹ ورکس کو روکنے کیلئے ضروری معلومات فراہم کی جا سکیں۔
VTB بینک ایک پبلک جوائنٹ اسٹاک کمپنی اور روس کے بڑے مالیاتی اداروں میں سے ایک ہے۔ بینک نے حالیہ برسوں کے دوران ایران میں بینکاری دفاتر قائم کیے تاکہ ایرانی نظام کے ساتھ بینکاری تعاون کو مضبوط اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو وسعت دی جا سکے۔گزشتہ تین برسوں کے دوران بینک نے پابندیوں کی زد میں آنے والے متعدد ایرانی مالیاتی اداروں کے ساتھ کوریسپانڈنٹ بینکاری تعلقات قائم کیے۔جنوری 2025 میں اس نے تہران میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کیلئے اقدامات بھی شروع کیے۔VTB نے اربوں ڈالر مالیت کے منجمد ایرانی اثاثوں کی منتقلی کیلئے بھی اقدامات کیے اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کے مقصد سے ایرانی ریال اور روسی روبل کے کوریسپانڈنٹ اکاؤنٹس کے ذریعہ قومی کرنسیوں میں لین دین نمٹانے کا نظام قائم کیا۔امریکی ایگزیکٹو آرڈر 13902 کے تحت VTB بینک کو ایرانی معیشت کے مالیاتی شعبے میں سرگرمیوں کے باعث پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔