انتخابات میں امیدواروں کے ساتھ گھومنے والے یومیہ اجرت کے مزدور !

   

سیاسی روزگار کے باعث اڈوں پر مزدوروں کی قلت ، تعمیری کام متاثر
حیدرآباد۔7۔نومبر۔(سیاست نیوز) انتخابات میں امیدواروں کے ساتھ ہجوم کی شکل میں گھومنے والے تمام افراد پارٹی کے کارکن یا امیدوار کے حامی نہیں ہوتے بلکہ بیشتر امیدوار ’یومیہ اجرت‘ پر مزدوروں کو اپنے ساتھ رکھتے ہوئے عوام کے درمیان پہنچتے ہیں اور شام تک ان مزدوروں کو ساتھ رہنے کے لئے مزدوری ادا کی جاتی ہے۔ شہریوں نے غورکیا ہوگا کہ دونوں شہروں میں اچانک مزدوروں کی قلت پیدا ہوچکی ہے اور مزدوروں کے اڈہ پر نظر آنے والے مزدور بھی غائب ہیں کیونکہ انہیں انتخابات اور انتخابی مہم کے نتیجہ میں سیاسی روزگار حاصل ہوچکا ہے اور وہ روزانہ سیاسی انتخابی مہم کا حصہ بن کر روزگار حاصل کر نے لگے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں بیشتر تعمیری کام ملتوی کئے جاچکے ہیں کیونکہ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی قلت پیدا ہونے لگتی ہے اور اس قلت سے نمٹنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے رائیگاں ہونے کے نتیجہ میں ٹھیکہ داروں نے کام حاصل کرنے بند کردیئے ہیں اور واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس مزدور نہ ہونے کے سبب وہ کام تکمیل کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ دیوالی تہوار سے قبل کی جانے والی صاف صفائی اور اس کے علاوہ گھروں اور تجارتی اداروں کو رنگ و روغن کرنے کے لئے یومیہ اجرت پر آنے والے مزدور دستیاب نہ ہونے کے سبب دیوالی تہوار کی تیاری کرنے والوں کو بھی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ بیشتر مزدور کے اڈوں سے صبح کی اولین ساعتوں میں ہی امیدوار اور سیاسی جماعتوں کے دلال ان مزدوروں سے ٹھوک قیمت میں بات کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں گھروں کی صفائی ‘ مرمت ‘ رنگ و روغن کے علاوہ دیگر امور کی انجام دہی کے لئے مزدور دستیاب نہیں ہورہے ہیں ۔ سیاسی مزدوری کرنے والے مزدوروں کا کہناہے کہ انہیں کسی بھی سیاسی جماعت کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ اپنی مزدوری کی آمدنی اور دوپہر کے کھانے کے علاوہ اس سے زائد کچھ کمائی ہو جائے اس فکر میں ہوتے ہیں اسی لئے انتخابات کے دوران اکثر سیاسی دلال صبح صبح انہیں سیاسی مزدوری فراہم کرنے کے لئے پہنچ جاتے ہیں اور کم محنت میں دن بھر کی اجرت حاصل ہوجاتی ہے اسی لئے وہ اس سیاسی مزدوری کو اختیار کرنے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرتے بلکہ دوروں اور جلسوں کے دوران انہیں محض نعرہ لگانے یا پمفلٹ تقسیم کرنے کا ہی کام دیا جاتا ہے ۔