اندراماں ہاؤزنگ کے تحت چار سال میں 20 لاکھ مکانات کی تعمیر

   

ایک روپیہ بھی کسی کو دینے کی ضرورت نہیں،اسکیمات پر وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔13۔جنوری (سیاست نیوز) وزیر مال اور ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ہر بے گھر غریب خاندان کو مکان کی فراہمی کانگریس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہر غریب خاندان کا خواب ہوتا ہے کہ اس کا ذاتی مکان ہو۔ ریونت ریڈی حکومت نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 26 جنوری سے مکانات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ سرینواس ریڈی کھمم ضلع میں حکومت کی چار اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے تحت ہر غریب خاندان کو راشن کارڈ کی فراہمی اور اندراماں ہاؤزنگ کے تحت زمین رکھنے والے غریبوں کو مکان کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں مکانات ایک ماڈل مکان رہیں گے اور حکومت مرحلہ وار طور پر تعمیری کاموں کے لئے فنڈس جاری کرے گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کی لاکھ سازشوں کے باوجود حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر بلا لحاظ مذہب و ملت حقیقی مستحق خاندانوں کا اسکیم کے لئے انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ چاروں اسکیمات کے لئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں اور کسی کو ایک روپیہ بھی دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اسکیمات میں دو اسکیمات کا تعلق شہری علاقوں سے ہے۔ ریونت ریڈی حکومت نے سنکرانتی تہوار میں غریبوں کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے اسکیمات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار برسوں میں 20 لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکر 12 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیلئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے دو اقساط میں جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیمات کے سلسلہ میں اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔1