بے قاعدگیوں پر رپورٹ کا جائزہ ، احتیاطی اقدامات پر توجہ ، سکریٹری انٹر بورڈ سید عمر جلیل کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ کے داخلوں ، امتحانات کے انعقاد اور پرچوں کی جانچ و نشانات سے متعلق ٹیکنیکل ( آن لائن ) کاموں میں غلطیاں سرزد نہ ہونے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ سکریٹری تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن مسٹر سید عمر جلیل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گذشتہ عرصہ کے دوران کی بے قاعدگیاں کہاں اور کس طرح پیش آئیں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ میں گذشتہ عرصہ کے دوران پیش آئیں بعض مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں تشکیل کردہ سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے کے لیے موثر و مثبت اقدامات کئے جائیں گے ۔ بالخصوص طلباء وطالبات کو کسی بھی نوعیت کا نقصان نہ پہونچنے کے لیے بھی جامع اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر سید عمر جلیل نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر بعض درپیش فنی مسائل کی یکسوئی کے لیے بورڈ میں موجود ماہرین انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ ریاستی حکومت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین انفارمیشن ٹکنالوجی پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ امتحانات انٹر میڈیٹ کے انعقاد سے ٹیکنیکل ادارہ ’ گلوبرنیا ‘ کی خدمات سے دستبرداری اختیار کی جائے گی اور سال 2019-2020 تعلیمی سال کے لیے نئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ؟ مسٹر سید عمر جلیل چوکسی کے ساتھ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے پر سنجیدگی سے عملی اقدامات کا آغاز کرچکے ہیں اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہی گلوبرنیا کے ساتھ طئے پائے معاہدات ، گذشتہ عرصہ کے دوران ٹنڈروں کے طریقہ کار کی پالیسی امتحانات میں پیش آئیں سافٹ ویر کی غلطیوں وغیرہ کا مسٹر عمر جلیل جائزہ لے رہے ہیں ۔۔