جکارتہ :3جولائی ( ایجنسیز ) انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے راستے میں ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور 38 لاپتہ ہو گئے ہیں۔جمعرات کے روز سورابایا میں امدادی ایجنسی کے مطابق، کے ایم پی ٹونو پراتاما جیا گزشتہ نصف شب سے پہلے آبنائے بالی میں ڈوب گئی تھی جس میں 65 افراد سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اب تک 23 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
آسٹریلیا میں بیٹ وائرس سے پہلی ہلاکت
سڈنی :3 جولائی ( ایجنسیز ) آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں ایک شخص ’آسٹریلین بیٹ لیسا وائرس‘ کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیاجو اس مرض کا ریاست میں پہلا مصدقہ کیس ہے۔حکام کے مطابق 50 سالہ شخص کو یہ مہلک وائرس ایک چمگادڑ کے کاٹنے یا پنجے سے خراش لگنے کے بعد منتقل ہوا۔ یہ وائرس چمگادڑ کے لعاب کے ذریعہ جسم میں داخل ہوتا ہے اور اس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد اس کا کوئی مؤثر علاج موجود نہیں۔نیو ساؤتھ ویلز ہیلتھ کی ترجمان کیرا گلاسگو نے تصدیق کی کہ وائرس کی انسانوں میں منتقلی بہت کم ہوتی ہے، لیکن ایک بار علامات ظاہر ہو جائیں تو بچاؤ ناممکن ہو جاتا ہے۔ سال 2023ء میں 100 سے زائد افراد کو چمگادڑ کے کاٹنے یا خراش لگنے کے بعد طبی معائنہ کروانا پڑا، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔