جکارتہ ۔ 27 ستمبر (ایجنسیز) انڈونیشیا کے امدادی کارکنان نے بحیرہ جاوا میں دو ہفتہ قبل الٹنے والی فیری کے ملبے سے مزید نعشیں برآمد کر لی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 64 تک پہنچ گئی ہے۔ نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے آپریشن ڈائریکٹر یودی برامانتیو کے مطابق ہنوز لاپتہ 71 افراد جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے، کی تلاش کی کارروائی مزید سات دن کیلئے بڑھا دی گئی ہے۔ورگو ٹرانسپورٹ ایٹ پر 213 مسافر اور عملے کے 30 ارکان سوار تھے جب سورابایا سے بورنیو جزیرے کی جانب روانگی کے بعد اس کا آپریٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔اب تک صرف 108 افراد کو بچایا جا سکا ہے۔ برامانتیو نے بتایا کہ جمعہ کو امدادی ٹیموں نے غرقاب کشتی کے اندر سے چار نعشیں نکالیں جبکہ سات مزید لاشیں قریبی ساحلی علاقوں سے ملیں۔اس کارروائی کو جاری رکھنے یا ختم کر دینے کا فیصلہ کرنے کیلئے اس کا ہر تین دن بعد جائزہ لیا جائے گا۔