انڈوں کے استعمال پر عوام کی توجہ قوت مدافعت کو مستحکم بنانے انڈوں کا استعمال کارآمد

   

حیدرآباد: کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے قوت مدافعت کو مستحکم بنانا ضروری ہے اور اس کے لئے انڈوں کا استعمال نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔اطباء کی جانب سے کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے انڈوں کے استعمال کے آغاز کے مشورہ کے بعد سے لاک ڈاؤن کے دوران ہی انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانا شروع ہوچکا تھا لیکن اب جبکہ شہر حیدرآباد میں وائرل بخار اور دیگر وبائی موسمی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں تو ایسی صورت میں بھی انڈوں کی طلب میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ایک مرتبہ پھر سے شہریوں کی جانب سے قوت مدافعت میں استحکام اور موسمی امراض سے محفوظ رہنے کیلئے انڈوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ دو یوم کے دوران انڈدوں کی ٹھوک قیمت میں 40 روپئے کا اضافہ درج کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اچانک طلب میں اضافہ کے سبب یہ اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ لاک ڈاؤن سے قبل شہر حیدرآباد میں انڈوں کی قیمت 310 روپئے میں 100 انڈے فروخت کئے جا رہے تھے تاہم لاک ڈاؤن کے دوران انڈوں کی قیمت 360تا365 روپئے 100 تک پہنچ چکی تھی لیکن لاک ڈاؤن کے بتدریج خاتمہ کے ساتھ ساتھ انڈوں کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی تھی کہ اچانک شہر میں موسمی بیماریوں کے سبب انڈوں کی طلب میں دوبارہ اضافہ ہونے لگا ہے۔