انکیتا کی ڈبلیو ٹی اے میں ریکارڈ کامیابی

   

ملبورن : ہندوستانی ٹینس اسٹار انکیتا رائینا نے ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کے سنگلز کے مقابلوں میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے جیسا کہ انہوں نے فلپ آئی لینڈ ٹرافی کے پہلے مرحلے کے مقابلے میں ایلیسا بیٹا کوکیریٹو کو 3 سیٹوں کے میچ میں 5-7 ، 6-1 ، 6-2 سے شکست دی ۔ اس ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلے میں اطالوی حریف کھلاڑی کے خلاف پہلا سیٹ گنوانے کے باوجود انکیتا نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ دو گھنٹے 11 منٹ طویل اس مقابلے میں کامیابی کا انکیتا کی درجہ بندی پر بھی فرق پڑے گا اور اب وہ 181 ویں مقام سے چھلانگ لگاتے ہوئے 156 ویں مقام پر پہنچ جائیں گی ۔ انکیتا نے اس سے قبل ایرا ویلی کلاسک اور ہائی لینڈ اوپن میں بھی شرکت کی تھی جہاں انہیں پہلے ہی مرحلے میں شکست برداشت کرنی پڑی لیکن 28 سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے یہاں حالات اور میدان کا بہتر استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔ اپنی کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کا موسم تیز تھا اور حریف کھلاڑی مجھ سے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کررہی تھیں لیکن میں نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں طاقتور مقابلہ کیا ۔ قبل ازیں انکتیا نے آسٹریلین اوپن سے قبل وارم اپ ایونٹ میں ڈبلز میں بھی بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ریکارڈ بہتر کئے ہیں۔