وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا جائزہ اجلاس، درگاہ جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کیلئے 4 ایکر اراضی کے حصول کی تجویز
حیدرآباد۔/6 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ درگاہ کے ترقیاتی منصوبے پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خاں، پرنسپال سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی اور وقف بورڈ کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر اور مکہ مسجد کے تعمیراتی و مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کرسچن بھون اور اجمیر میں رباط کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے راجستھان میں رباط کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے خواہشمند اقلیتی امیدواروں کیلئے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں نے کوچنگ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ اور درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ دونوں درگاہوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور توسیعی کاموں کیلئے 4 ایکر اراضی حاصل کرنے کی تجویز ہے اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر رنگاریڈی کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی میں زیر تعمیر انیس الغرباء کامپلکس کے کام میں تیزی پیدا کی جائے۔ تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی اور تزئین نو کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ مکہ مسجد کے کام اندرون ایک ماہ مکمل ہوجائیں گے جبکہ ستمبر تک انیس الغرباء کامپلکس کی تکمیل کرلی جائے گی۔ کوکہ پیٹ میں کرسچن بھون اور اجمیر میں رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں عہدیداروں کو متحرک ہونے کی وزیر اقلیتی بہبود نے ہدایت دی۔ ر