انیل کمار یادو کا ایم پی فنڈ سے حیڈرا کو 25 لاکھ روپئے دینے کا مکتوب

   

کمشنر حیڈرا رنگناتھ سے ملاقات ، جھیلوں اور تالابوں کو قبضوں سے پاک بنانے مہم کی ستائش
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے شہر حیدرآباد میں جھیلوں اور تالابوں سے ناجائز قبضوں کو برخاست کرنے کی مہم کی ستائش کی اور اپنے ایم پی فنڈ سے 25 لاکھ روپئے حیڈرا کے کمشنر رنگناتھ کو پیش کیا ۔ حیڈرا کی سرگرمیاں ساری ریاست میں موضوع بحث بن گئی ہے ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے آج حیڈرا کے کمشنر رنگناتھ سے ان کے آفس پر ملاقات کی اور اپنے ایم پی فنڈ سے 25 لاکھ روپئے حیڈرا کو دینے کا مکتوب حوالے کیا بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا حیدرآباد جھیلوں اور باغات کا شہر تھا تاہم شہر کی توسیع کے ساتھ تالابوں پر ناجائز قبضے ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں جو قابل ستائش ہے ۔ 10 سال تک اقتدار میں رہنے والے کے سی آر نے تالابوں کو قبضوں سے محفوظ رکھنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ ان کی خاموشی سے بڑے پیمانے پر قبضے ہوگئے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حیڈرا تشکیل دیتے ہوئے قبضوں کو برخاست کرنے کی جو مہم شروع کی ہے ۔ اس کو عوام کی بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں اس اچھے کام کی ستائش کرنے کے بجائے اس کو سیاسی مسئلہ بناتے ہوئے رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی شہروں میں پانی کی قلت پیدا ہورہی ہے ۔ ایسے مسائل حیدرآباد کیلئے پیدا نہ ہونے دینے کیلئے چیف منسٹر نے یہ کارروائی شروع کی ہے جس کی وہ ستائش کرتے ہیں اور اس مہم کی مکمل تائید کرتے ہیں ۔۔ 2