ممبئی : مراٹھوڑہ ضلع بیڑ کے تعلقہ کیج کے قصبہ اڑس میں اورنگ زیب کے تعلق سے مبینہ واٹس اپ اسٹیٹس رکھنے کی وجہ سے رونما ہونے والے فرقہ وارانہ فساد میں گرفتار 13 مسلم نوجوانوں کی ضمانت عدالت نے منظور کی ہے ۔ ملزمین کو جمعیت العلماء مہاراشٹرا ( ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے قانونی امداد فراہم کی ہے ۔ 13 ملزمین میں سے دو ملزمین نابالغ ہیں جبکہ تین ملزمین کی ضمانت قبل از گرفتاری عدالت نے منظور کی ہے ۔ ملزمین پٹھان ، عفان ، نوید خان ، سابجد رفیق ، باغبان ، جبا حسن شیخ ،سید غلام رسول غفور ، نوید خان رستم خان پٹھان ، پٹھان محبوب موسی خان ، سید شکور احمد ، سید غفور احمد ، شیخ عمران اسحق ،ابراہیم ببن شیخ ، معز یونس شیخ ، اظہر افسر شیخ ، نعیم الٰہی عثمان شیخ اور محسن مبارک خان پٹھان کی ایڈیشنل سیشن جج کے ڈی جادھو نے 25 ہزار روپئے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت منظور کی ۔ ایڈیشنل سیشن جج کے ڈی جادھو نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ ملزمین ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ان کے خلاف موجود ثبوت و شواہد سے چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے اور وہ سرکاری گواہوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کریں گے ۔