اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم وزیر آئی ٹی کے ٹی آر سے صدر نشین وقف بورڈ کی ملاقات

   

حیدرآباد۔9مئی(سیاست نیوز) محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ لینے کے بعد ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کے موقع پر ان کے ہمراہ وزیر مسٹر اے سرینواس گوڑ اور دیگر موجود تھے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے مسٹر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کے دوران تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے امور کے متعلق واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اسے پورا کرنے کے لئے وہ ممکنہ کوشش کریں گے ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے وزیر بلدی نظم ونسق سے درخواست کی کہ وہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بلدی عہدیداروں کو تعاون کرنے کی ہدایات جاری کریںکیونکہ تمام اضلاع میں بلدی عہدیداروں کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیداروں کو اراضیات کی تفصیلات کا علم ہوتا ہے اور کسی بھی اراضی کی نشاندہی وہ بہ آسانی کرسکتے ہیں۔ وزیر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے ریاست بھر میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے نومنتخبہ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کو مشورہ دیا کہ وہ صدرنشین وقف بورڈ کی حیثیت سے ان کی ذمہ داریوں کو پوراکرنے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کریں اور نہ ہی کسی دباؤ کو قبول کریں ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت وقف املاک کے تحفظ کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی اور اگر کوئی ان جائیدادوں کو تباہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صدرنشین وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں حائل تمام رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں دور کرنے کے اقدامات میں ریاستی حکومت سے جو کچھ مدد درکار ہے اس کی تفصیلات حکومت کو پیش کرے ۔ م