اولڈ سٹی میٹرو پراجکٹ میں 2 اسٹیشنوں کی کمی، پلان میں ترمیم

   

حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ میں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے فلک نما تک حکام نے دو اسٹیشنوں کی کمی کردی ہے جو اصل منصوبہ میں شامل تھے۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے مطابق اس روٹ پر صرف 4 اسٹیشنس رہیں گے جو سالارجنگ، چارمینار، شاہ علی بنڈہ اور فلک نما ہیں ۔ حکام نے علاقہ میں اسٹیشن کی تعمیر میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے شمشیر گنج اور جنگم میٹ اسٹیشنوں کو منصوبہ سے علیحدہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شمشیر گنج کے علاقہ میں اسٹیشن کی تعمیر میں دشواریوں کے علاوہ لائن کی تنگی کے سبب ٹرین کی رفتار متاثر ہوسکتی ہے۔ نئے پلان کے مطابق شاہ علی بنڈہ اسٹیشن کو شمشیر گنج کے علاقہ سے قریب رکھا جائے گا۔ فلک نما اسٹیشن سے قربت کے نتیجہ میں جنگم میٹ اسٹیشن کے منصوبہ کو ترک کردیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی کے مطابق 5.5 کلو میٹر کی روٹ پر 5 اسٹیشن رہیں گے جس میں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن شامل رہے گا۔ چیف منسٹر 8 مارچ کو فلک نما میں پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کیا ایل اینڈ ٹی کمپنی پراجکٹ کی تکمیل کرے گی؟۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کے نتیجہ میں 1100 جائیدادیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ عام علاقوں میں سڑکوں کو 100 فیٹ تک توسیع دی جائے گی جبکہ اسٹیشنوں کے قریب سڑک 120 فیٹ کی رہے گی۔ سڑک کی توسیع اور ضروریات کی منتقلی کیلئے 2000 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ این وی ایس ریڈی کے مطابق حیدرآباد میٹرو ٹرین مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے براہ دارالشفاء، پرانی حویلی، اعتبار چوک، کوٹلہ عالیجاہ، دائرہ میر مومن، ہری باؤلی، شاہ علی بنڈہ، علی آباد، شمشیر گنج سے فلک نما پہنچے گی۔1