اولڈ سٹی میٹرو ۔ حصول اراضی فنڈ کیلئے ریاستی حکومت اوپن پلاٹس کا ہراج کرنے آمادہ

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاستی حکومت کی جانب سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ( ایم جی بی ایس ) تا چندرائن گٹہ 7.5 کلومیٹر اولڈ سٹی میٹرو کاریڈر کے لیے حصول اراضی کے لیے 600 کروڑ روپئے فنڈ حاصل کرنے کے لیے اپل بھاگیات لے آوٹ میں اوپن پلاٹس کا ہراج کیا جائے گا ۔ اس میں 1100 جائیدادوں کے لیے حصول اراضی کے جملہ قیمت کا تخمینہ ایک ہزار کروڑ روپئے کا ہے جس میں حصول اراضی کے لیے 525 کروڑ روپئے ، 150 کروڑ روپئے باز آبادکاری اور ری سٹیلمنٹ اور 325 کروڑ روپئے اسٹرکچرل معاوضہ کی ادائیگی کے لیے شامل ہے ۔ حصول اراضی کے لیے درکار فنڈ کے علاوہ مزید 175 کروڑ روپئے دیگر اخراجات کے لیے درکار ہیں جیسے عمارتوں کو منہدم کرنے ( 40 کروڑ روپئے ) ، یوٹیلیٹی کی منتقلی ( 60 کروڑ روپئے ) اور سڑک کشادگی ( 75 کروڑ روپئے ) ۔ ریاستی حکومت نے بجٹ میں اولڈ سٹی میٹرو ریل پراجکٹ کے لیے 500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ باقی فنڈس حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (HMDA) کے ذریعہ اپل بھاگیات میں کھلے پلاٹس کا ہراج کرتے ہوئے حاصل کئے جائیں گے ۔ یہ ہراج توقع ہے کہ جلد شروع ہوگا ۔۔