سڈنی ۔ انڈیا اے کے فاسٹ بولر امیش یادو اور محمدسراج نے آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے دن پیر کو بالترتیب تین اور دو وکٹ لے کر اپنی کارکردگی سے متاثرکیا۔ آسٹریلیا اے نے دوسرے روزکا کھیل ختم ہونے تک کیمرون گرین(ناٹ آوٹ 114) کہ شاندارسنچری کی بدولت آٹھ وکٹ کے نقصان پر286 رنز بنائے ہیں اور اسے39 رنوں کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔ہندوستان اے نے دوسرے دن کا آغاز آٹھ وکٹ پر237 رنز سے آگے کیا اور اپنی پہلی اننگز نووکٹ پر247 رنز پرختم کرنے کا اعلان کردیا۔ سراج کھاتاکھولے بغیر آوٹ ہوئے جبکہ ہندوستانی نائب کپتان اجنکیا رہانے108 رن سے آگے کھیلتے ہوئے242 گیندوں پر18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے117 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ہندوستان کا آسٹریلیا کے خلاف 17 دسمبرسے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز سے قبل یہ پہلا پریکٹس میچ ہے ۔ ٹسٹ الیون میں جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کے ساتھ فاسٹ بولنگ شعبہ میں جگہ بنانے کے مضبوط دعویدار امیش نے آسٹریلیا اے کے دونوں اوپنروں کو پانچ رن تک پویلین بھیج دیا۔