اویسی کی سیاست میں دوہرا معیار ، شکیل احمد خان کے سنگین الزامات
کٹیہار ۔ 15 نومبر (ایجنسیز) اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی کے صدر چندرشیکھر آزاد کے درمیان بننے والے نئے سیاسی اتحاد کو لیکر بیان بازی شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس اتحاد پر سوال اٹھائے ہیں جسے سوشل چینج فرنٹ کہا جاتا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد خان نے اویسی کی سیاست پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے منافقت قرار دیا۔ انہوں نے بہار سے لیکر تلنگانہ، آندھراپردیش اور مغربی بنگال تک کے علاقوں میں اویسی کے سیاسی کردار پر سوال اٹھایا۔ کانگریس لیڈر شکیل احمد خان نے کہا کہ اسدالدین اویسی کے سیاسی بیانات اور ترجیحات ان کے اتحاد پر منحصر ہوتی ہیں۔ جب وہ کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرتے تو ان کی سیاسی زبان اور نعرے الگ ہوتے ہیں لیکن اتحاد بننے کے بعد ان کا سیاسی موقف بدل جاتا ہے۔ اس کو دوہرے معیار کی سیاست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اویسی کی زبان اور سیاسی محاورے ملک کی گنگاجمنی ثقافت کے مطابق نہیں ہیں۔ شکیل احمد خان نے اویسی کی انتخابی سیاست پر سوال اٹھاتے ہوئے بہار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم نے بہار میں پانچ اسمبلی سیٹیں جیتی ہیں۔ اس لئے ترقیاتی مسائل اور ان علاقوں میں ایم ایل اے کے کردار پر بھی بات چیت ہونی چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اویسی کی سیاست ترقیاتی مسائل سے زیادہ جذباتی نعروں اور ہجوم کو جمع کرنے پر زیادہ زور دیتی ہے۔ کانگریس لیڈر نے اویسی کی سیاسی حکمت عملی پر سوال اٹھاتے ہوئے تلنگانہ، آندھراپردیش اور مغربی بنگال کی سیاست کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نظریہ کے خلاف کانگریس کی لڑائی جاری رہے گی۔ اترپردیش میں اویسی اور چندرشیکھر آزاد کے درمیان نئے اتحاد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہاں کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں اپنا فیصلہ کریں گے۔ دریں اثناء شکیل احمد خان نے بہار میں راجیہ سبھا انتخابات کے دوران اے آئی ایم آئی ایم کے کردار کو لیکر بھی سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم پر پیسے کے بدلے ووٹ کا تبادلہ کرنے کا الزام لگایا اور اس معاملے میں اے آئی ایم آئی ایم قیادت سے جواب طلب کیا۔ مجموعی طور پر اترپردیش انتخابات سے قبل سماجی تبدیلی محاذ کی تشکیل نے بہار کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہیکہ اویسی اور چندرشیکھر آزاد کانگریس کے ان الزامات پر کیا جواب دیں گے۔