حیدرآباد۔ چھ ماہ کے وقفہ کے بعد حیدرآباد میں سٹی بسیں ایک بار پھر سڑکوں پر دوڑنے کی تیاری میں ہیں۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے حکام کی جانب سے بس خدمات کے آغاز کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی اجازت کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ شہر میں آر ٹی سی بسیں 22 مارچ سے بند ہیں جس کے نتیجہ میں دفاتر جانے والوں ‘ خانگی ملازمین ‘ تاجرین ‘ ورکرس ‘ طلبا وغیرہ کو مشکلات کا سامنا ہے اور وہ بس خدمات کی بحالی کے منتظر ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے کچھ شہروں میں سٹی بس خدمات کو بحال کردیا گیا ہے اور اب حیدرآباد میں بھی آر ٹی سی کی جانب سے بس خدمات کی بحالی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔