گوہاٹی : اڈانی گروپ نے منگل کو آسام میں 50,000کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جو ہوائی اڈوں، ایروسٹی، سٹی گیس کی تقسیم، ٹرانسمیشن، سیمنٹ اور سڑک کے منصوبوں میں ہوگا۔’ایڈوانٹیج آسام 2.0انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر سمٹ 2025 میں یہ اعلان کرتے ہوئے گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا کہ وہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کی طرف سے کیے جا رہے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہیں اور ان کا گروپ اس کا حصہ بننے کا خواہشمند ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس لیے بڑے فخر کے ساتھ آج میں اعلان کرتا ہوں کہ اڈانی گروپ آسام میں 50,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہے ۔ ہماری سرمایہ کاری ہوائی اڈوں، ایروسٹی، سٹی گیس ڈسٹری بیوشن، ٹرانسمیشن، سیمنٹ اور سڑک کے منصوبوں تک وسیع ہوگی۔۔ آسام عظمت کی راہ پر گامزن ہے اور اڈانی گروپ میں، ہمیں آپ کے ساتھ اس راستے پر چلنے پر فخر ہے ۔ یہ ہمارا عزم ہے ۔ یہ ہمارا وژن ہے اور یہی وہ وعدہ ہے جو ہم آج آپ سے کرتے ہیں، آسام اور مستقبل کے لیے ہم مل کر تعمیر کریں گے ۔