اکھلیش کے مجوزہ دورہ ایودھیا پر بی جے پی چراغ پا

   

نئی دہلی، 9 نومبر (آئی اے این ایس) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادوکے مجوزہ دورہ ایودھیا پر پیر کے روز تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کا یہ اقدام انتخابی مفادات سے متاثر ہے۔ بی جے پی نے ان پر سناتن دھرم کے نام پر ’’موقع پرستانہ سیاست‘‘ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔اکھلیش یادو12 دسمبر کو اپنی اہلیہ اور مین پوری سے رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو سمیت خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ایودھیا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دوران وہ ہنومان گڑھی مندر میں پوجا کریں گے اور رام مندر پہنچ کر بھگوان رام للا کا آشیرواد حاصل کریں گے۔ جنوری 2024 میں رام مندرکی تقدیس کی تقریب کے بعد یہ ان کا مندرکا پہلا دورہ ہوگا۔اس دورے کی تصدیق سماج وادی پارٹی کے رہنما اور ایودھیا کے سابق رکن اسمبلی پون پانڈے نے کی ہے۔اس پیش رفت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے صحافیوں سے گفتگو میں الزام لگایا کہ اکھلیش یادو کا یہ دورہ آئندہ انتخابات سے قبل ہندو روایات کی حمایت کا تاثر قائم کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا، یہ لوگ کبھی حقیقی معنوں میں سناتن دھرم کو قبول نہیں کریں گے۔ آئندہ انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے یہ محض سناتن تہذیب اور ہندوؤں کی حمایت کا دکھاوا کررہے ہیں۔ یہ سناتن دھرم اور ہندوؤں کے سخت مخالف ہیں۔ انہیں ان کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں ہے اور یہ صرف خوشامدانہ سیاست اور ووٹ بینک کو مضبوط بنانے میں مصروف رہتے ہیں۔ عام لوگوں کی فلاح کے لیے ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یہ صرف ذات پات پر مبنی سیاست اور خوشامد کے سہارے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔