اگلے سال کا ورلڈ کپ ہمارا اصل مقصد :متھالی راج

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کی خواتین کی ونڈے ٹیم کی کپتان متھالی راج نے کہا ہے کہ ٹیم کا ہدف اگلے سال ہونے والا ورلڈ کپ ہے اور اس بڑے ٹورنمنٹ سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز حاصل کرنا ہندوستانی ٹیم کے لیے اچھی بات ہے ۔ہندوستان کو مارچ اپریل 2022 کے ورلڈ کپ سے قبل پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہے ۔ ہندوستانی خواتین کوورلڈ کپ سے پہلے صرف ایک ونڈے سیریز کھیلنی ہے ، لیکن کپتان متھالی کا خیال ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری ملی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کا دورہ ملنا ہمارے لئے کافی اچھی بات ہے ۔دہلی میں ایک پروموشنل ایونٹ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے متھالی نے کہا کہ میں نے ابھی کھیلنا نہیں چھوڑا ہے اور میں ابھی کھیل رہی ہوں۔ اس وقت میرا ہدف ورلڈ کپ ہے جس کے لیے ہم تیاری کررہے ہیں۔ کورونا کی وجہ سے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی منسوخی کے بارے میں پوچھے جانے پر متھالی نے کہا کہ ہندوستان کوالیفائر کا حصہ نہیں ہے ، اس لیے وہ اس پر کچھ نہیں کہیں گی لیکن ٹیم اپنی ورلڈکپ کی تیاری کررہی ہے۔