نئی دہلی: مرکزی حکومت کی طرف سے لائی گئی نئی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے اگنی پتھ اسکیم سے متعلق عرضیوں کو دہلی ہائی کورٹ میں منتقل کر دیا ہے۔اتنا ہی نہیں، سپریم کورٹ نے کیرالا، پنجاب اور ہریانہ، پٹنہ اور اتراکھنڈ کی ہائی کورٹس سے اگنی پتھ کے خلاف تمام پی آئی ایل کو دہلی ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کو بھی کہا ہے۔ اگنی پتھ اسکیم کیخلاف سپریم کورٹ میں تین عرضیاں دائر کی گئیں ہیں جن میں اس پلان کو فی الحال روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔درخواست گزاروں نے یہ بھی مطالبہ کیا تھا کہ اس سکیم کو ان لوگوں پر لاگو نہیں کیا جانا چاہئے جو فوج میں نوکری حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ مرکز نے سپریم کورٹ میں کیویٹ کی درخواست بھی دائر کی ہے۔مرکز نے 21 جون کو سپریم کورٹ میں انتباہ کی درخواست داخل کرکے دفاعی فورسز کے لئے اگنی پتھ بھرتی اسکیم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر حکومت کا رخ سننے کی بھی کوشش کی ہے۔ استدعا کی گئی ہے کہ ان کا موقف سنے بغیر کوئی حکم جاری نہ کیا جائے۔