واشنگٹن، 22 اگست (یو این آئی) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے ، لیکن ان کے بقول وہ واشنگٹن کی شرائط کے مطابق درست معاہدے کیلئے ابھی تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے دونوں ممالک میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان خطے کے اہم علاقوں پر امریکی کنٹرول کا بھی دعویٰ کیا۔جنوبی کیرولائنا روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی اقدامات کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکہ کے پاس فوجی اختیارات محدود ہوگئے ہیں۔انہوں نے ایران کی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس پیسہ، بحریہ اور فضائیہ نہیں ہے ، اس کے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو ادائیگی نہیں کی جارہی اور مہنگائی 350 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ دیکھ رہا ہے کہ حالات کس رخ پر جاتے ہیں۔