ایران مشرق وسطیٰ پر غلبہ حاصل کرنے کا خواہاں : جان بولٹن

   

واشنگٹن: امریکہ کی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے باور کرایا ہے کہ ایران مشرق وسطیٰ پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ جو بائیڈن کی انتظامیہ نے اس طرف توجہ نہیں دی۔جمعرات کے روز العربیہ؍الحدث سے گفتگو کرتے ہوئے بولٹن کا کہنا تھا کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ بھڑکا دی ہے۔ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ہلاکت سے ایران خطے میں اپنی مصداقیت کھو چکا ہے۔غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے مذاکرات کے بارے میں بولٹن نے کہا کہ دوحہ بات چیت میں حماس کی عدم شرکت نے ان مذاکرات کی کامیابی کے امکانات کم کر دیے ہیں۔دوسری جانب مصری نیوز چینل القاہرہ نے فائر بندی کی بات چیت سے باخبر ذرائع کے حوالے سے جمعرات کے روز بتایا کہ فریقین کے درمیان اختلافات ابھی تک “بڑے” ہیں۔ چینل کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کے مصری عہدے دار نے بتایا ہے کہ مصری وفد دوحہ میں بات چیت کے ساتھ فائر بندی کے سمجھوتے میں فریقین کے بیچ موافقت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔