ایران کے اسماعیل غدیرزادہ دنیا کے سب سے پستہ قد آدمی

   

ایران : ایران سے تعلق رکھنے والے افشین اسماعیل غدیرزادہ کو دنیا کا سب سے چھوٹا آدمی قرار دے دیا گیا۔ صوبے مغربی آزربائیجان کی بوکان کاؤنٹی کے گاؤں میں پیدا ہونے والے افشین اسماعیل کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ان کا قد 65 اعشاریہ 24 سینٹی میٹر ناپا گیا ہے جبکہ ان کا وزن 6 کلوگرام ہے۔ ان سے قبل دنیا کے سب سے چھوٹے آدمی کا اعزاز جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایڈورڈ نینو ہرنینڈز کے پاس تھا۔گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام کی جانب سے افشین اسماعیل غدیرزادہ کو دبئی کے میڈیا سٹی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران دنیا کا سب سے چھوٹا آدمی ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی دے دیا گیا۔ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے افشین کا کہنا تھا کہ وہ منفرد اعزاز حاصل کرنے پر انتہائی خوش ہیں۔