تہران : پاسداران انقلاب کے سابق سیکرٹری ابراہیم رْستمی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیاروں سے بھی زیادہ طاقتور ہتھیار موجود ہیں۔روسی خبرایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے سابق سیکرٹری ابراہیم رْستمی نے اس دعویٰ کی تفصیل نہیں بتائی۔سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کیلئے مشرق وسطی میں تاریخی صورتحال آچکی ہے۔جس کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے 39 اراکین نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ یہودی ریاست کی دھمکیوں کے تناظر میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی اجازت دی جائے۔ایران کی ڈیفنس ڈاکٹرائن سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے فتویٰ کے تحت ہے جس کے تحت نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی ممانعت ہے۔
ایران کیلئے جاسوسی کے الزام پر اسرائیلی شہری گرفتار
تل ابیب : اسرائیلی حکام نے ایران کیلئے جاسوسی کے الزام میں ایک اسرائیلی شہری کو گرفتار کرلیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار اسرائیلی شہری ولادیمیر ویرہوسکی نے ایران کیلئے جاسوسی اور رقم وصول کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ ولادیمیر نے ایک لاکھ ڈالر میں اسرائیلی سائنسدان کو قتل کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی اسرائیلیوں کو جاسوسی کیلئے بھرتی کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی نیٹورک اسرائیلی شہریوں کو جاسوسی کیلئے بھرتی کرنے کا کام کرتا تھا گرفتاری سے ایرانی انٹیلیجنس ایجنسیوں کا انفرااسٹرکچر بے نقاب ہوگیا ہے۔