نئی دہلی : ہندوستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو جلد سے جلد آزاد تجارتی معاہدہ (فری ٹریڈ ایگریمنٹ۔ایف ٹی اے ) کرنا چاہئے ۔وزارت تجارت و صنعت نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ ہندوستان اور برطانیہ نے 24 جولائی کو ویڈیو کانفرنسنگ سے 14 ویں مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی ۔ اس میٹنگ کی مشترکہ صدارت وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور برطانیہ کی بین الاقوامی وزیر تجارت ایلزبتھ ٹراس نے کی۔ وزیر مملکت برائے تجارت و صنعت ہردیپ سنگھ پوری اور برطانیہ کے وزیرمملکت برائے بین الاقوامی تجارت رانل جے وردھنے بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔گوئل اورمحترمہ ٹراس نے ایف ٹی اے معاہدہ جلد کرنے کے عزائم کا اعادہ کیا جس کیلئے پوری اور رانل جئے ورھنے مذاکرات میں تیزی لانے کیلئے ماہانی میٹنگیں کریں گے ۔میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مسٹر گوئل اور مسز ٹراس کی قیادت میں ایک میٹنگ اس بات چیت کو اور آگے لیجانے کیلئے نئی دہلی میں سردیوں میں منعقد کی جائے گی۔