حیدرآباد 13 فروری(یواین آئی)حیدرآباد کی انگلش اینڈ فارین لینگویجس یونیورسٹی (ایفلو) میں ہوئے احتجاج کے موقع پر تصادم میں تین طلبا زخمی ہوگئے ۔اے بی وی پی ایفلو یونٹ کے طلبا نے یونیورسٹی جنرل باڈی میٹنگ کے مسئلہ کی یکسوئی اور طلبا یونین کے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ایفلو کے طلبا نے کیمپس کے اندرانسانی زنجیر بنائی۔اے بی وی پی کے طلبا نے الزام لگایا کہ ایس ایف آئی اور دوسری تنظیم کے طلبا نے پی ڈبلیو ڈی کے طالب علم کو نشانہ بنایاجو اے بی وی پی کی حمایت کررہا تھا۔دوسری تنظیم نے الزام لگایا کہ ان کے طلبا کی اے بی وی پی کے طلبا نے پٹائی کردی تاکہ احتجاج میں شامل ہوں۔اگرچہ کہ پولیس وہاں موجود تھی تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
ٹرین کے توقف کیلئے چندہ وصولی اور ٹکٹ کی خریداری
حیدرآباد 13 فروری(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے نیکونڈرا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کو روکنے کیلئے مقامی افراد سفر کئے بغیر ٹکٹ خریدرہے ہیں تاکہ اس اسٹیشن پر ٹرین کے توقف کو یقینی بنایاجاسکے ۔ اس اسٹیشن سے آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے حکام نے پدماوتی ایکسپریس ٹرین کے یہاں توقف کو منسوخ کردیا۔اس سلسلہ میں مقامی عوام نے حکام سے کئی بار ٹرین کو اس اسٹیشن پر روکنے کی اپیل کی۔ ان کی درخواست کے مطابق سکندرآباد سے گنٹور جانے والی انٹر سٹی ایکسپریس کو حال ہی میں یہاں توقف کی اجازت دی گئی تھی تاہم ریلوے حکام نے شرط رکھی ہے کہ تین ماہ تک آمدنی ہونے کی صورت میں ہی وہ ٹرین کو اس اسٹیشن پر مستقل طورپر روکیں گے ۔ ٹرین کورکوانے کیلئے یہاں کے لوگ روزانہ چندہ اکٹھا کر رہے ہیں اور ٹکٹ خرید رہے ہیں تاکہ اسٹیشن کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے ۔