بھارت رتن اعزازملنے پر مبارکباد
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے نئی دہلی میں بی جے پی کے سرکردہ قائد ایل کے اڈوانی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور ملک کے اعلیٰ ترین سیویلن اعزاز بھارت رتن پر مبارکباد پیش کی۔ بنڈارو دتاتریہ نے ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز کیلئے ایل کے اڈوانی کے انتخاب پر مرکزی حکومت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک اور قوم کیلئے ایل کے اڈوانی کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اڈوانی جیسی عظیم شخصیت کے ساتھ انہیں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور وقتاً فوقتاً ان کی رہنمائی حاصل کرتے رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران ایل کے اڈوانی نے 2014 تک ملک کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کی یاد تازہ کی۔ دونوں قائدین نے اپنے تجربات کا تبادلہ عمل میں لایا۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ماڈرن انڈیا کی تعمیر میں ایل کے اڈوانی نے اہم رول ادا کیا۔ گورنر ہریانہ نے ایل کے اڈوانی کی بہتر صحت اور درازی عمر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کیلئے اڈوانی کی زندگی اور خدمات مشعل راہ ہیں۔ 1