ایل ۔ نینو کے اثرات سے نمٹنے راشن شاپس کے ذریعہ رعایتی قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فروخت

   

حکومت سے تخمینہ اندازی ، وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔21 ۔ اکٹوبر ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ایل۔نینو کے اثرات سے نمٹنے کے لئے ارزاں فروشی کی دکانات کے ذریعہ چاول کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کی فروخت کے متعلق منصوبہ بندی کررہی ہے! حکومت تلنگانہ ایل۔نینو کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لینا بھی شروع کرچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے راشن کارڈ کے ذریعہ چاول کے ساتھ تیل‘ دال‘ املی ‘ مرچ ‘ شکر ‘ آٹا اور دیگر اشیاء کی فراہمی کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ راشن کارڈ پر فی الحال محض چاول کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے لیکن ایل ۔نینو کے منفی اثرات کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت تلنگانہ نے منصوبہ بندی کو تیز کردیا ہے۔ریاستی وزیر سیول سپلائز کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے اپنے محکمہ کے عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ ارزاں فروشی کی دکانات (راشن شاپس) کے ذریعہ چاول کے ساتھ دیگر اشیاء کی رعایتی قیمتوں میں فروخت کے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیدارو ںکو دی گئی ہدایت کے مطابق وہ اس بات کا جائزہ لینا شروع کرچکے ہیں کہ چاول کے علاوہ جن اشیائے ضروریہ کی راشن شاپس کے ذریعہ فروخت کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ان کی خریدی اور رعایتی قیمتوں میں فروخت کے اقدامات پرحکومت کو کتنا خرچ آئے گا اور اس مالی بوجھ کو کس طرح سے کم کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ریاستی وزیر سیول سپلائز نے جن اشیائے ضروریہ کی نشاندہی کی ہے ان کے حصول کے لئے ادا کی جانے والی بازاری قیمت اور حکومت کی جانب سے ان کے حصول کے اقدامات کے نتیجہ میں ملنے والی رعایت کے علاوہ ان کی قیمت خرید و قیمت فروخت کا جائزہ لینے کے بعد وزارت کے اعلیٰ عہدیداروں کو درکار بجٹ اور عمل آوری کی صورت میں عائد ہونے والے بوجھ کی تخمینہ اندازی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے گی اور اس کے بعد ہی ریاستی حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی کمیٹی اور کابینہ میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ راشن کارڈ گیرندوں میں بھی ایل ۔ نینو کے متاثرین کی نشاندہی یا تمام راشن کارگیرندوں کو راشن شاپس کے ذریعہ ان اشیاء کی فروخت کے اقدامات کئے جائیں یا صارفین کی نشاندہی کے لئے مختلف پیمانے تیار کئے جانے چاہئے اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے۔ذرائع کے مطابق سفید راشن کارڈ گیرندوں کے لئے اس نئے منصوبہ کو قابل عمل بنانے کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تیاریاں کی جا رہی ہیں لیکن اس کے اعلان سے قبل حکومت کو ریاست پر عائد ہونے والے مالی بوجھ کا جائزہ لینا لازمی ہوگا کیونکہ ایل ۔نینو سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے تاحال کسی بھی طرح کے بجٹ کی تخصیص عمل میں نہیں لائی گئی ہے اور نہ ہی قحط سالی سے راحت کے لئے کوئی بجٹ کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن ریاستی حکومت کے اس منصوبہ کو مرکزی حکومت کی مالی اعانت حاصل ہونے کی توقع کی جار ہی ہے ۔3/m/b