حیدرآباد 6 اگسٹ ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی قائدین میں رسہ کشی اور اختلافات کو ختم کرلیا گیا اور مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے اپنے X کھاتہ پر شیئر کی گئی تصاویر توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائدین کے درمیان خوشگوار لنچ کے دوران تمام معاملات کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر اور رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر کے درمیان نااتفاقیوں کے خاتمہ کیلئے کوششوں میں کامیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن نے ابتدائی طور پر اپنے مکان واقع حیدرآباد میں کوششیں کی تھیں اور اس کے بعد پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مسلسل مداخلت اور صلح صفائی کیلئے اقدامات جاری تھے ۔مسٹر بنڈی سنجے کی دہلی میں قیامگاہ پر لنچ کے دوران اراکین پارلیمان ای راجندر ‘ ڈاکٹر کے لکشمن کے علاوہ رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق دونوں قائدین کے درمیان مفاہمت کو یقینی بنانے میں ڈاکٹر کے لکشمن کے علاوہ بی جے پی اعلیٰ قیادت اور تلنگانہ انچارج ابھئے پاٹل نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجے اور ای راجندر کے درمیان کریم نگر حلقہ اسمبلی حضور نگر میں حامیوں کو اہمیت دیئے جانے کے معاملہ میں اختلافات میں پیدا ہونے والی شدت کو کم کرکے پارٹی نے دونوں کے درمیان مفاہمت کروا کر معاملہ پر قابو پالیا ہے۔ حلقہ اسمبلی حضور نگر جہاں سے ای راجندر اسمبلی کیلئے کامیاب ہوتے رہے تھے کے حامیوں کی بڑی تعداد حلقہ اسمبلی حضور نگر میں ہے اور یہ حلقہ اسمبلی حلقہ پارلیمان کریم نگر حدود میں آتا ہے اور حلقہ پارلیمان کریم نگر سے بنڈی سنجے کے انتخاب کے بعد سے دونوں قائدین میں اپنے حامیوں کو اہمیت اور نظرانداز کئے جانے کے معاملات میں نااتفاقی تھی ۔ بتایا جاتاہے کہ بی جے پی نے دونوں قائدین کے درمیان نااتفاقیوں کے نتیجہ میں پارٹی کو نقصانات کا جائزہ لے کر انہیں دور کرنے کے اقدامات شروع کئے تھے اور اب دونوں ہی قائدین کو سمجھانے میں کامیابی کے بعد بنڈی سنجے کی دہلی قیامگاہ پر منعقدہ لنچ میں دونوں قائدین کے درمیان مفاہمت ہوچکی ہے۔3/m/b