اے پی عبداللہ کٹی حج کمیٹی آف انڈیا کے نئے صدرنشین منتخب

   

نائب صدورنشین میں منوری بیگم اور مفوزہ خاتون کا انتخاب، حج 2022 ء انتظامات کی تیاریوں کا جائزہ
حیدرآباد۔25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے حج 2022 ء سے قبل حج کمیٹی آف انڈیا کی تشکیل جدید عمل میں لائی ہے۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے اے پی عبداللہ کٹی کو حج کمیٹی کا نیا صدرنشین منتخب کیا گیا جبکہ پہلی مرتبہ دو خاتون ارکان نائب صدورنشین منتخب کئے گئے۔ ٹاملناڈو کی محترمہ منوری بیگم اور مغربی بنگال کی محترمہ مفوزہ خاتون کو نائب صدورنشین منتخب کیا گیا۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور نے حج کمیٹی کے ارکان کو نامزد کرتے ہوئے نوٹفیکیشن جاری کیا جس کے بعد نو منتخب ارکان نے صدرنشین اور نائب صدورنشین کو منتخب کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق رکن راجیہ سبھا بی جے پی سید ظفر اسلام کو حج کمیٹی آف انڈیا میں بحیثیت رکن نامزد کیا گیا ۔ دیگر ارکان میں جوائنٹ سکریٹری (گلف) وزارت خارجہ ویپل، جوائنٹ سکریٹری وزارت داخلہ سنجیو کمار جندال ، جوائنٹ سکریٹری وزارت فینانس تھنگلی ملن ، جوائنٹ سکریٹری وزارت شہری ہوابازی ستیندر کمار مشرا ، اعجاز حسین (جموں و کشمیر) ، ہدایت خاں دھولیا (راجستھان) ، منوری بیگم مفوزہ خاتون، اے پی عبداللہ کٹی اور زین الدین زویری (مہاراشٹرا) شامل ہیں۔ صدرنشین اور نائب صدور نشین کے انتخاب کے بعد کمیٹی نے وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ملاقات کی اور حج 2022 ء انتظامات کا جائزہ لیا۔ مرکزی حکومت نے حج کمیٹی آف انڈیا کیلئے 56601 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا ہے جن میں تلنگانہ کیلئے 1724 اور آندھراپردیش کیلئے 1157 عازمین الاٹ کئے گئے ۔ عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی ریاستوں کے بجائے حج کمیٹی آف انڈیا کی سطح پر ہوگی۔ ملک بھر کیلئے ایک ہی قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ر