بابر کا تیزترین 5,000 رنز کا ورلڈ ریکارڈ

   

نیوزی لینڈ لگاتار چوتھے ونڈے میں ناکام، پاکستان اب نمبر1
کراچی : پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا بیاٹ لگاتار دھوم مچا رہا ہے۔ بابر نے نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں گزشتہ روز کھیلے گئے چوتھے ونڈے میں سنچری بنائی۔ انہوں نے 117 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ونڈے میں بابر کی 18ویں سنچری ہے ۔ بابر کی سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 50 اوورز میں 334/6 بنائے۔ مہمان نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست فاش ہوگئی اور اس جیت کے ساتھ پاکستان نمبر 1 ونڈے انٹرنیشنل ٹیم بن گیا۔ بابر نے اس سیریز میں تیسری مرتبہ 50 پلس اسکور کیا۔ بابر نے بطور کپتان ونڈے میں ساتویں سنچری بنائی ہے۔ بابر نے گزشتہ روز اپنی اننگز کا 19واں رن بناتے ہی ونڈے میں 5000 رنز مکمل کر لئے ۔ وہ او ڈی آئی کرکٹ میں تیز ترین 5000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ بابر نے یہاں تک پہنچنے کیلئے 97 اننگز کھیلے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقیبیاٹر ہاشم آملہ کے نام تھا۔ انہوں نے یہ کارنامہ 101 اننگز میں انجام دیا۔ وہیں ویراٹ کوہلی نے 114 اننگز میں 5 ہزار ونڈے رنز مکمل کئے تھے۔ بابر تقریباً 2 سال سے ونڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ بابر نے 2021 کے آخر سے صرف دو مرتبہ ونڈے میں 49 سے کم رنز بنائے ہیں۔ پچھلی 17 ونڈے اننگز میں انہوں نے 5 سنچریاں اور 9 ہاف سنچریاں بنائی ہیں۔