بارگاہ حضرت بندہ نواز ؒ اور جامعہ نظامیہ کے قدیم روابط

   

نو منتخب سجادہ نشین بارگاہ بندہ نوازؒ کی تہنیتی تقریب سے حضرت امیر جامعہ اور حضرت شیخ الجامعہ کا خطاب
حیدرآباد 14 ۔ جنوری ( پریس نوٹ ) بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ اور حضرت بانی جامعہ نظامیہ اور جامعہ نظامیہ کے درمیان باہمی روابط کئی دہوں پر محیط ہیں ۔ حضرت بانی جامعہ نظامیہ ؒ نے سجادگان اور مشائخ کے منشور کے طور پر کتاب بھی تالیف فرمائی ۔ جامعہ نظامیہ میں نو منتخب سجادہ نشین بارگاہ بندہ نواز ؒ مولانا حافظ سید محمد علی الحسینی کی تہنیتی تقریب کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا گیا ۔ مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ، جامعہ نظامیہ نے نومنتخب سجادہ کو جامعہ نظامیہ میں تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر مولانا سید شاہ غیاث الدین چشتی ، شیوخ ، نائبین شیوخ ، اساتذہ اور طلباء کے علاوہ اہل علم حضرات موجود تھے ۔ حضرت امیر جامعہ نے کہا کہ حضرت بندہ نوازؒ نے اپنا تعارف چار کلمات ’ سید ‘ ، ’ سنی ‘ ، ’ صوفی ‘ ، ’ مجتہد ‘ کے ذریعہ کروایا ۔ حضرت امیر جامعہ نے فرمایا کہ یہ کلمات اپنے اندر وسیع معنیٰ رکھتے ہیں جو اہل سنت و جماعت کی حقیقی ترجمانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سجادہ نشین کے دادا اور والد گرامی بھی جامعہ سے قریبی وابستگی رکھتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس خانوادہ نے عصری علوم میڈیکل وغیرہ کے ساتھ علم دین کے فروغ کیلئے بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور دینی مدرسہ کیلئے باقاعدہ تمام سہولتوں سے لیس عمارت تعمیر کروائی گئی جس میں سینکڑوں طلباء زیر تعلیم ہیں ۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ موجودہ سجادہ نشین اپنے بزرگوں کی روایت کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ مولانا محمد سیف اللہ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے خیر مقدم کیا اور جامعہ نظامیہ کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے نومنتخب سجادہ نشین مولانا حافظ سید محمد علی الحسینی کو ان کے جلیل القدر منصب کی مبارکباد دیتے ہوئے خیر مقدم کیا ۔ مولانا حافظ سید محمد علی الحسینی سجادہ نشین بارگاہ بندہ نوازؒ نے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالم اسلام کی عظیم یونیورسٹی جامعہ نظامیہ کی جانب سے تہنیت پر شکر ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات کا علماء کے ساتھ معائنہ کیا ۔ جامعہ کی ترقی کو دیکھ کر مجھے بے حد مسرت ہوئی ۔ انہوں نے طلباء کو تعلیمات بندہ نواز ؒ کے ساتھ وابستہ رہنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے اپنے دادا اور والد کی طرح جامعہ نظامیہ سے اپنی قلبی وابستگی کا اظہار کیا ۔ مولانا محمد انوار احمد نائب شیخ التفسیر نے نظامت کی ۔ تہنیتی تقریب میں اراکین انتظامی کمیٹی ، شیوخ کرام ، نائبین شیوخ ، اساتذہ ، طلباء اور طلباء قدیم کی کثیر تعداد موجود تھی ۔