بارہمولہ :سرگرم جنگجو اورپانچ معاونین گرفتار

   

سرینگر: شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں سیکورٹی فورسزنے لشکر طیبہ کے سرگرم جنگجو، پانچ معاونین جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ایس ایس پی نے کہاکہ گرفتار شدگان کو جنگجوؤں تک ہتھیار و گولہ بارود فراہم کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ دہشت گردی کا یہ نیٹ ورک پونچھ تک پھیلا ہوا ہے اور اس نیٹ ورک میں ملوث مزید افراد کی شناخت کے لئے بھی کام شروع کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی بارہمولہ آمود ناگپوری نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بارہ مولہ پولیس نے اسلحہ وگولہ بارود کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے والے ملی ٹینٹ گروہ کا پردہ فاش کرکے ایک جنگجو اور دو خواتین کے بشمول پانچ مدد گاروں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس بڑے نیٹ ورک کا اس وقت پتہ چلا ہے جب بارہ مولہ پولیس نے گزشتہ دنوں اوڑی میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی ۔ایس ایس پی نے بتایا کہ 21ستمبر 2023کو اطلاع موصول ہوئی کہ یاسین احمد شاہ ولد طاریق احمد ساکن جانباز پورہ بارہ مولہ نے لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) میں شمولیت اختیار کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔