باقی جائیدادوں کیلئے اعلامیہ کب جاری ہوگا،بنڈی سنجے کا چیف منسٹر کے سی آر سے سوال

   

حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے تلنگانہ حکومت سے سوال کیا کہ محکمہ پولیس کی جائیدادوں کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی جائیدادوں کیلئے اعلامیہ کب جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں تقررات کیلئے جو اعلامیہ جاری ہوا ہے اس کے علاوہ 63425 جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کی فوری اجرائی عمل میں لائی جائے۔ بنڈی سنجے نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کو کھلا مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے حکومت کو دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ڈکٹیٹر شپ جاری رکھنے کیلئے حکومت تقررات سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے بیروزگار نوجوانوں کو انتخابی وعدہ کے مطابق بقایا جات کے ساتھ بیروزگاری الاؤنس کے طور پر فی کس ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ر